یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ضلع بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں اور سرکاری گاڑیوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے یہ بات یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے حکومت پنجاب کی ہدایت پر 14 روزہ تقریبات کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال یوم آزادی کی تقریبات کو "معرکہ حق” کا نام دیا گیا ہے، ان تقریبات میں سرکاری عمارتوں کو سجانے کے علاوہ سرکاری گاڑیوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ سکولوں کالجوں اور عوامی مقامات پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ضلع کے مختلف بازاروں پلازوں اور مارکیٹوں کو خصوصی طور پر سجایا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی ٹیبلوں تقریری مقابلے اور شہدائے تحریک پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ ضلعی گورنمنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریبات میں ڈپٹی کمشنر جہلم سمیت ضلع کے اعلی افسران شریک ہوں گے۔



