جہلم میں شوہر کو قتل کر کے خودکشی کا ڈرامہ رچانے والی بیوی آشنا سمیت گرفتار

جہلم میں اندھے قتل کا ڈراپ سین، شوہر کو قتل کر کے خودکشی کا ڈرامہ رچانے والی بیوی کو آشنا سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے بھٹیہ میں پیش آنے والے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔ مقتول محسن ریاض کے قتل میں اس کی بیوی (س) ہی ملوث نکلی، جسے اس کے آشنا طیب رزاق سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔

تقریباً 6 روز قبل مقتول محسن ریاض کو اس کی بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر سوتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ واردات کو چھپانے کے لیے مقتول کی بیوی نے اسے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی اور واقعے کے بعد ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے شوہر کی خودکشی کی جھوٹی اطلاع درج کروائی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے مشکوک حالات میں ہونے والی اس موت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کیں۔ دورانِ تفتیش مقتول کی بیوی کے مشکوک بیانات سامنے آئے، جس پر جدید تفتیشی طریقۂ کار، فرانزک شواہد اور بیانات کی روشنی میں یہ بات ثابت ہو گئی کہ یہ واقعہ خودکشی نہیں بلکہ سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت قتل تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ اور اس کا آشنا طیب رزاق، مقتول محسن ریاض کو قتل کرنے کے بعد آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے۔ اعترافِ جرم کے بعد پولیس نے خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button