ضلع جہلم کے تمام شہری اور دیہی علاقوں کے مرکزی مقامات پر افطار دسترخوان قائم کیے جائیں گے، میر رضا اوزگن

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ویژن “انسانیت کی خدمت” کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کے لیے افطار دسترخوانوں کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع بھر میں محنت کشوں، مسافروں اور نادار افراد کو ماہِ صیام کے دوران باعزت اور منظم انداز میں افطار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع کے تمام شہری اور دیہی علاقوں کے مرکزی مقامات پر افطار دسترخوان قائم کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے انتظامی افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار اور صفائی کے انتظامات کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس کارِ خیر میں مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس طرح کے فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا کر رمضان المبارک کی برکتوں کو عام آدمی تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترجیحات کے مطابق غریب اور مستحق طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر اور دیہی علاقوں میں قائم کیے جانے والے افطار دسترخوانوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ معیار، صفائی اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو اور مستحق افراد کو عزت و احترام کے ساتھ سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button