جماعت اسلامی ہی ملک کو فرسودہ نظام سے نجات دلانے کی واحد امید کرن ہے، سراج الحق

دینہ: سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جہلم کی تحصیل دینہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے فیاض بٹ، ریاض بٹ اور اعجاز بٹ کی والدہ ماجدہ کی وفات پر ان سے تعزیت کی۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، امیر شہر دینہ مظاہر السلام، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم حبیب رضا بٹ اور جماعت اسلامی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
تعزیت کے بعد مختصر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکمران عوام کی حالت زار پر رحم کریں۔ انہوں نے مہنگائی کے بڑھتے بوجھ اور عوام کی مشکلات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، جبکہ غریب عوام مہنگائی کے دلدل میں پھنسی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد امید کی کرن ہے جو اس فرسودہ نظام سے عوام کو نجات دلا سکتی ہے۔ اقتدار میں آ کر جماعت اسلامی ان حکمرانوں کا محاسبہ کرے گی اور عوام کو ان کے حقوق دلائے گی۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ عوام اب حکمرانوں کی جھوٹی تسلیوں سے بیوقوف نہیں بن سکتے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ہی ملک کے مسائل کا واحد حل پیش کر سکتی ہے۔
فاتحہ خوانی کے بعد سراج الحق نے مقامی مسجد میں نمازِ ظہر ادا کی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کارکنان کو اپنے پیغام میں عوام کے درمیان رہنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
سراج الحق مختصر قیام کے بعد جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ روانہ ہو گئے۔



