منرل واٹر کے نام پر ناقص و غیر معیاری پانی کی فروخت، شہری بیماریوں میں مبتلا، فوڈ اتھارٹی خاموش

جہلم شہر اور ضلع بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی کے باعث منرل واٹر کے نام پر ناقص، مضر صحت اور غیر معیاری پانی کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ناموں سے ملتے جلتے لیبل لگا کر غیر معیاری منرل واٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔ سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں، اسکولوں، کالجوں کی کینٹینز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، میرج ہالز، مارکیوں اور میرج گارڈنز میں ناقص اور غیر رجسٹرڈ پانی استعمال ہو رہا ہے۔ اس پانی کے استعمال سے شہری گردوں سمیت دیگر خطرناک اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں نے اس سنگین مسئلے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور صرف رسمی کارروائیاں کر کے خاموشی اختیار کر لی ہے، جس کے باعث کئی مقامی افراد نے گھروں میں پانی کی بوتلیں بھر کر منرل واٹر کے نام پر فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مضر صحت پانی کے استعمال سے محفوظ رکھا جا سکے۔



