عید الاضحی کے ایام میں صفائی کا آپریشن، ضلع جہلم میں 2500 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی متحرک قیادت میں عید الاضحی کے تین دنوں میں صفائی کا شاندار آپریشن، ضلع بھر میں 2500 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا، شہریوں نے اظہار اطمینان کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی متحرک قیادت میں ضلع بھر کے میونسپل عملہ کی بھر پور محنت اور لگن سے عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کا وعدہ ایفا ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی سیدہ رملہ علی نے مسلسل تینوں دن آپریشن کی خود نگرانی کی۔
پانچ میونسپل کمیٹیوں کے چار سو سے زائد اہلکاروں نے سو سے زائد گاڑیوں کے ساتھ صفائی آپریشن کے دوران 2500 ٹن سے زائد آلائشوں کو گلی محلوں سے اٹھا کر ڈمپنگ پوائنٹس پر پہنچا کر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ عید کے تین ایام میں 200 کے قریب شکایات پر عملہ نے فوری رسپانس کیا۔
گزشتہ سال عید الاضحی کے موقع پر 1850 ٹن آلائشوں کو ضلع بھر میں ٹھکانے لگایا گیا تھا جبکہ 340 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں تھیں، گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال شہریوں کو کم شکایت کرنے کا موقع ملا جس کی وجہ انتظامیہ کی ہر علاقے میں بروقت کارروائی تھی۔
آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے علاؤہ شہر کی مرکزی سڑکوں کو دھونے اور شہر بھر میں عرق گلاب کا سپرے کرکے شہریوں کو عید پر صاف ستھرے ماحول کا تحفہ دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور تمام ضلعی افسران، میونسپل کمیٹیوں کے اہلکاروں اور سینٹری ورکرز کی محنت کو شہریوں نے بھی بھر پور سراہا اور عید الاضحی پر اقدامات کو مثالی قرار دیا۔



