آر پی او بابر سرفراز الپا نے راولپنڈی ریجن کے 39 پولیس اہلکاروں کو اگلے عہدے پر ترقی دے دی

جہلم: راولپنڈی ریجن کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بابر سرفراز الپا نے محکمانہ ترقیوں کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 39 پولیس اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دینے کے احکامات جاری کر دیے۔ ترقی پانے والوں میں 22 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) کو سب انسپکٹر جبکہ 17 ہیڈ کانسٹیبلان کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔

ترقیوں کا یہ فیصلہ خصوصی طور پر تشکیل دیے گئے محکمانہ بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا۔ اس بورڈ کی صدارت آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کی، جبکہ دیگر اراکین میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی، ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان، ڈی پی او چکوال لیفٹیننٹ ریٹائرڈ احمد محی الدین، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، ڈی پی او مری آصف امین اعوان اور ایس پی لیگل راولپنڈی ریجن عبدالفاروق شامل تھے۔

بورڈ میٹنگ میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی، ایس پی لیگل اور ریجنل دفتر کے دیگر افسران نے راولپنڈی سے شرکت کی، جبکہ ضلعی پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ بورڈ نے تمام اہلکاروں کے سروس ریکارڈ، کارکردگی اور دیگر کوائف کی باریک بینی سے جانچ کے بعد ترقیوں کی سفارشات مرتب کیں، جنہیں بعد ازاں آر پی او نے منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔

سب انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی پانے والوں میں نجیب اللہ، جمشید خان، تنویر حسین، شبیر احمد، محمد نثار، محمد جاوید کوثر، محمد سلمان، ندیم اسلام، فخر ایوب، ناہید زہرہ، گلشن باز، رفاق احمد، خضر حیات، محمد شفیق (جہلم)، رستم علی، واجد نسیم (جہلم)، نوید اقبال اور حبدار حسین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چند اہلکار جن کی سالانہ کارکردگی رپورٹس (ACRs) ابھی زیر التوا ہیں، انہیں مشروط طور پر ترقی دی گئی جن میں محمد افتخار، عمران فضل، اکمل حسین اور طارق محمود شامل ہیں۔

ہیڈ کانسٹیبلان سے اے ایس آئی کے عہدہ پر ترقی پانے والوں میں فیصل نذیر، خرم شہزاد، مدثر مظفر، عرفان اسحاق، وقاص علی، آصف علی خان، محمد عمران گلشن، محمد عارف، عبدالقدیر خان، احمد رضا خان، حسرت خان، کامران فدا، عاصم محمد اخمت، غلام مجتبیٰ اور محمد شکور خان شامل ہیں۔ اسی طرح رضوان افسر اور محمد عثمان کو بھی ACRs کی تکمیل سے مشروط ترقی دی گئی ہے۔

ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق فورس کی بروقت ترقی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہلکاروں نے اپنے اعلیٰ سروس ریکارڈ اور کارکردگی کی بنیاد پر یہ کامیابی حاصل کی ہے، اور اب ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

آر پی او نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ مزید محنت، دیانت داری اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button