ڈپٹی کمشنر جہلم کا گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائی سکول نیا محلہ کا دورہ، تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائی سکول نیا محلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں اور سکول میں دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور صفائی، بنیادی سہولتوں اور تعلیمی معیار پر خصوصی توجہ دی۔ سکول کی پرنسپل نے انہیں نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور سکول میں درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ امتحانی سیزن کے دوران تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ طالبات کو اپنی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مناسب مواقع میسر آ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں کامیاب ہو کر معاشرتی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو یقین دلایا کہ تعلیمی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ طالبات کو ایک بہترین تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔



