جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 315 افراد کی چیکنگ مکمل

جہلم: ضلع جہلم میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت پولیس نے مختلف مقامات پر سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی، جس کے دوران 315 افراد کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 10 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد دہشت گردوں، مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن قوتوں کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی ناکہ بندی کے تحت چیکنگ کی گئی۔
سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی تصدیق جدید پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی تاکہ کسی بھی مشتبہ فرد کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ، منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ شرپسندوں کو کسی بھی مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن پر دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ پولیس سرچ آپریشنز کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



