ڈپٹی کمشنر جہلم کا گورنمنٹ الطاف حسین سکول کا دورہ، نئے بلاک اور باسکٹ بال کورٹ کا معائنہ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ الطاف حسین ہائی سکول سول لائن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے تعلیمی بلاک اور باسکٹ بال کورٹ کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے سکول میں بننے والے نئے بلاک کا جائزہ لیا جس میں جدید سائنس لیب، کمپیوٹر لیب اور دیگر کلاس رومز کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل اور محکمہ بلڈنگ کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو نئے بلاک کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے باسکٹ بال کورٹ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ضروری ہے تاکہ ان میں مقابلے کا جذبہ اور سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہو سکے، جو ان کے مستقبل کے لیے معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ باسکٹ بال کورٹ کی تکمیل کے بعد طلبہ کے لیے مختلف مقابلے منعقد کیے جائیں، تاکہ کھیلوں میں ان کی دلچسپی بڑھے اور وہ ذہنی و جسمانی طور پر مزید مستحکم ہوں۔ اس موقع پر سکول کے اساتذہ اور طلبہ نے ڈپٹی کمشنر کے دورے کو سراہا اور سکول میں مزید بہتری کے اقدامات کی امید ظاہر کی۔



