جہلم کے ہوٹلوں میں ناقص، مضر صحت کھانوں کی فروخت عروج پر، شہری پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا

جہلم اور گردونواح میں واقع ہوٹلوں میں ناقص اور مضر صحت کھانوں کی فروخت معمول بن گئی، جس کے باعث شہری پیٹ، آنتوں اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق متعدد ہوٹلوں میں کھانے کی تیاری کے دوران نہ صرف صفائی کا فقدان ہے بلکہ غیر معیاری مصالحہ جات اور ناقص تیل کا استعمال بھی معمول بن چکا ہے۔
مہنگے داموں فروخت ہونے والے یہ کھانے صحت کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ کئی ہوٹلوں پر گردوغبار میں لپٹی اشیاء کو استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ کھانا پکانے کے برتن اور ماحول بھی حفظان صحت کے اصولوں سے مکمل طور پر لاعلم نظر آتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہوٹل مالکان صرف منافع کمانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں اور عوام کی صحت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی خاموشی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری ایکشن لینے اور غیر معیاری کھانے فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔



