تین سالوں سے التواء کا شکار جہلم تا لِلہ ڈیول کیرج وے منصوبہ عوام کیلئے بال جان بن گیا

جہلم: پچھلے 3 سالوں سے زیر التوا ء جہلم تا لِلہ ڈیول کیرج وے منصوبہ تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کیلئے بال جان بن گیا ، تحصیل ہیڈ کوارٹر تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے پنڈدادنخان کے علاقے نے جزیرے کی شکل اختیار کر لی، سابق نگران حکومت نے بھی فنڈز منجمد کرکے علاقہ مکینوں کو ازیت میں مبتلا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کی ذاتی کاوشوں و کوششوں کیوجہ سے جہلم تا لِلہ 128 کلو میٹر ڈیول کیرج وے کا کام شروع کروایا، اس طرح جہلم تا لِلہ بعض مقامات پر تیزی سے کام کا آغاز کردیاگیا، لیکن پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے جہلم تا پنڈدادنخان ڈیول کیرج وے ترقیاتی منصوبے ک فنڈز منجمد کردیئے۔

اس طرح یہ منصوبہ سیاسی چپقلش کی نذر ہو گیا۔ اس کے بعد پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے علاقہ مکینوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے فنڈز کا اجراء کیا، چند ماہ بعد پی ٹی آئی نے پنجاب حکومت بھی ختم کر دی جس کے بعد نگران حکومت نے ایک بار پھر جہلم تا لِلہ سڑک کا کام بند کروادیا جس پر تحصیل پنڈدادنخان کی مذہبی ، سیاسی ،سماجی ، رفاعی ، شہری تنظیموں کے عمائدین نے بھرپور احتجاج کرکے فنڈز کا اجراء کروایا جو کہ آٹے میں نمک کے برابر تھا۔

اس طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی قائدین نے تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کو یقین دہانی کروائی کے اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت برسرِ اقتدار آئی تو اس منصوبے پر تیزی سے کام شروع ہو گا اور علاقہ مکینوں کی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں جہلم قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں این اے 60 اور این اے 61 سے مسلم لیگ(ن) کے ایم این ایز کامیاب ہوئے۔

علاقہ مکینوں نے منتخب ممبران قومی اسمبلی سے مطالبہ کیاہے کہ پنجاب اور وفاق میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومتیں بنالی ہیں ، منتخب ممبران کو چاہیے کہ جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے منصوبے کے فنڈز جاری کروائیں تاکہ علاقہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button