جہلم میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا

جہلم: ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول لائن روڈ پر اچانک دورہ کرتے ہوئے تجاوزات کا نوٹس لیا اور موقع پر احکامات جاری کیے کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی سی جہلم نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں، سڑکوں اور تجارتی مراکز کا معائنہ کیا اور وہاں قائم کی گئی تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جن میں دکانوں کی سیلنگ اور قانونی مقدمات کا اندراج شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ کئی مہینوں کی کوششوں سے شہر کی اہم شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کیا، لیکن چند افراد انتظامیہ کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھا کر دوبارہ تجاوزات قائم کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف اب بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور شہر کو صاف، منظم اور خوبصورت بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔



