جہلم کے بازاروں اور سول لائن روڈ پر ریڑھی بانوں کے قبضے، ٹریفک کی روانی شدید متاثر

جہلم: بازار اور سول لائن روڈ پر ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشوں کے قبضے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
بازار اور سڑک کے دونوں اطراف ریڑھیوں اور رکشوں کی موجودگی کے سبب گاڑیوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے متعدد بار میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو شکایات درج کرائی جا چکی ہیں، تاہم شعبہ انکروچمنٹ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔
دکانداروں نے بھی شکایت کی ہے کہ سڑک پر لگنے والی ریڑھیاں اور لوڈر رکشے نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں بلکہ ان کے کاروبار پر بھی منفی اثرات ڈال رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



