جہلم فورم برطانیہ کا دینہ کے سینئر صحافی امجد محمود سیٹھی کے اعزاز میں عشائیہ

برمنگھم: جہلم کی تحصیل دینہ کے سینئر صحافی اور تجزیہ نگار چیئرمین دینہ پریس کلب امجد محمود سیٹھی جو برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے ہیں ان کے اعزاز میں جہلم فورم برطانیہ کے زیر اہتمام مرزا محمد شریف اور سینئر صحافی عمران بشیر کی سربراہی میں عشائیہ دیا گیا۔

تقریب میں بہترین صحافی خدمات سر انجام دینے پر امجد محمود سیٹھی کو خصوصی شیلڈ سے بھی نوازا، تقریب میں مقامی صحافیوں کی بڑی موجود تھی۔

اس موقع پر امجد محمود سیٹھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور کی صحافت اور 30 سال پہلے کی صحافت میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ آج کے دور میں کسی بھی شخص کے پاس اچھا موبائل فون ہو اور وہ اسے استعمال کرنا جانتا ہو تو ایک ہی ہفتے میں وہ سینئر صحافی کا ٹائٹل حاصل کر لیتا ہے اور یہ ہمارے معاشرے کی بہت سی خرابیوں میں سے ایک بڑی خرابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پرنٹ میڈیا کا دور تھا اور باقاعدہ خبر لکھنے سے لے کر پروف ریڈنگ، خبر کی اہمیت، خبر کی درستگی، خبر کی جانچ پڑتال باقاعدہ ایک پروسیس تھا اور پھر اس کے بعد ایڈیٹر کی ذمہ داری، اس سارے سلسلے کے لیے صحافیوں نے باقاعدہ اپنے استادوں سے سیکھا اور اپنی رپورٹنگ کے دوران ذمہ داری بھی لی۔

سینئر صحافی امجد محمود سیٹھی نے کہا کہ ہمارے دور میں مشکلات کا سامنا بھی تھا، خبر کو درست ثابت کرنا، اس کے حقائق اور درستگی خبر ادارے کی بہت بڑی ذمہ داری تھی، ہمارے لیے بہت سے چیلنجز بھی موجود تھے۔ ماضی میں خبر کے حصول کے لیے محنت کا کام تھا جبکہ آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے، خبر کی بنیاد اور تحقیق کیے بغیر سنسنی پھیلا دی جاتی ہے،وہ اس لیے کہ تحقیقی کام فارغ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی کوئی حد تو مقرر نہیں، بہت سی خبریں ایسی بھی ہوتی ہیں جو بے بنیاد اور حقائق سے تعلق نہیں رکھتی۔ کاپی پیسٹ کا زمانہ ہے، آج سائنس اور ٹیکنالوجی کے برق رفتاری کے دور میں سوشل میڈیا پر کوئی پابندی نہیں۔ ہر طرح کی آزادی تو ہے لیکن اس سے معاشرے میں تضحیک کا عنصر کچھ زیادہ ہے جس کی وجہ سے دنیا میں ایک ہنگامہ ہے اور بے شمار ممالک میں حکومتی معاملات میں ایک بڑی دخل اندازی بھی سمجھا جاتا ہے اور اس کی بے شمار مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں جس میں برطانیہ میں حالیہ نسل پرستی اور امیگریشن کے ہنگامے شامل ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے جبکہ میزبان تقریب سینئر صحافی عمران بشیر نے تمام صحافیوں کا تعارف بھی کروایا۔ جہلم فورم مڈلینڈ کے چیئرمین مرزا محمد شریف نے جہلم فورم کی کارکردگی اور رفاعی کاموں کی تفصیل پیش کی۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button