پنڈدادنخان ڈاکوؤں اور چوروں کے نرغے میں، پولیس بے بس

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقوں دھریالہ جالپ، پننوال، جلالپورشریف، پنڈدادنخان اور للِہ میں سرشام ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جس سے علاقہ مکین شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔
جرائم پیشہ عناصر دن دیہاڑے دیدہ دلیری کے ساتھ کارروباری افراد کے ساتھ ساتھ نہتے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں جبکہ موٹر سائیکل، موبائل فونز ، اور نقدی چھینے کی وارداتیں روزانہ کامعمول بنتی جارہی ہیں۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران ان علاقوں میں ہونے والی وارداتوں میں،ہزاروں لاکھوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ تھانہ صدر کے علاقے میں ڈکیتی کی وارداتیں شروع ہوچکی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ محافظ علاقوں میں گشت کرنے کی بجائےادھرادھر بیٹھ کر گپیں لگاتے رہتے ہیں جسکی وجہ جرائم پیشہ عناصر وارداتیں کرکے رفو چکر ہوجاتے ہیں۔ پولیس گشت کے غیر فعال ہونے کی وجہ سے مجبورا شہری اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے شدید پریشان ہیں۔
علاقے کی سماجی اور کارروباری تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ سے نوٹس لینے اور گشت کے نظام کو فعال بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔



