سوہاوہ میں چور گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی برآمد

سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے چور گینگ کے دو ملزمان گرفتار کر لئے، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی برآمد کر لی گئی
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چور گینگ کے دو ملزمان شہباز اور عبدالحمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے 7 تولے طلائی زیورات اور 8 لاکھ58ہزار روپے نقدی برآمد کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو تھانہ ڈومیلی کے علاقہ ڈھوک میاں بہادر داخلی تتروٹ کے رہائشی محکمہ صحت کے ملازم عدیل حسن کے گھر چور واردات کر کے رفوچکر ہوگئے تھے، ملزمان شہباز اور عبدالحمان نے گھر میں تالا توڑ کر چوری کی واردات کی تھی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان سے کل برآمدگی 25لاکھ58ہزار روپے ہوئی، سائنٹیفک بنیادوں پر ملزمان کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا گیا ہے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔



