نو تعینات ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا پولیس لائنز سمیت جہلم اور دینہ کے تھانوں کے دورے

جہلم:ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس لائنز سمیت دینہ اور جہلم کے مختلف تھانوں کے تفصیلی دورے کیے۔

پولیس لائنز کے دورے کے دوران انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے پولیس لائنز میں موجود مختلف دفاتر، کوارٹر گارڈ، میس ہال، ایلیٹ ہیڈکوارٹر، پولیس سکول اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ریزرو انسپکٹر، لائن آفیسر، انچارج ایم ٹی، اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈی پی او نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس لائن سکول میں جاری ایس ایس آئی او یو کے تربیتی ورکشاپ کا دورہ کرتے ہوئے جدید طریقہ تفتیش کے حوالے سے پولیس افسران کو بریفنگ دی۔ صفائی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او نے کہا کہ بہترین نظم و ضبط اور اعلیٰ تربیت اچھے پولیس افسران کی ضمانت ہیں۔

قبل ازیں رات گئے ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے تھانہ سٹی، تھانہ کالا گجراں اور تھانہ دینہ کا سرپرائز وزٹ کیا۔ اس دوران تھانہ جات کی بلڈنگز، ایس آئی پیز پروٹوکول، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات، اور میس ہال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سرکاری تنصیبات کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی حفاظت اور دیکھ بھال پر زور دیا۔

ڈی پی او نے تھانہ جات میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور محرران کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ایف آئی آر کے بروقت اندراج، زیر تفتیش مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی، اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ فرنٹ ڈیسک کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کے مسائل خوش اخلاقی سے حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ تھانوں اور دفاتر کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے دورے جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button