للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے روڈ کی تعمیر میں بڑی پیشرفت، فوری کام شروع کرنے کا فیصلہ

پنڈدادنخان: صہیب بھرتھ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی پہلی ترجیح دیہاتوں کو شہروں سے ملانے والی سڑکوں کو مکمل کرنا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات صہیب بھرتھ نے للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ سیکرٹری مواصلات اور سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود للِہ بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر مواصلات نے چوران کیمپ میں ایف ڈبلیو او حکام سے ملاقات کی اور للِہ تا پنڈدادنخان سیکشن پر تعمیراتی کام فوری طور پر شروع کرنے بارے پنجاب حکومت کے احکامات بارے آگاہی دی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سڑکوں کو کم سے کم مدت میں مکمل کریں گے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، سڑکوں کی تعمیر سے مقامی معیشت میں بہتری آئے گی جو کہ ملکی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے سڑکوں کی تکمیل سے مقامی کاروبار اور تجارت کو بھی فروغ ملے گی۔
صوبائی وزیر مواصلات نے بتایا کہ بہت جلد للِہ پنڈدادنخان سیکشن پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
ضلع جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کے سماجی حلقوں نے عرصہ دراز سے التوا کے شکار اس منصوبے پر کام شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور اعلی حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں افراد کی زندگی میں انقلاب آئے گا۔



