جہلم میں غیر معیاری سموسے پکوڑے فروخت، شہری بیماریوں کا شکار، فوڈ اتھارٹی خاموش

جہلم: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جہلم شہر اور اس کے گردونواح میں سڑکوں کے دونوں اطراف دھول مٹی میں لتھڑے سموسے اور پکوڑے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دکاندار حفظان صحت کے اصولوں کو بالکل نظر انداز کر کے عوام کو بیماریاں بانٹنے میں مصروف ہیں، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم دلچسپی نے صورتحال مزید سنگین بنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں جگہ جگہ قائم عارضی دکانوں اور ٹھیلوں پر ناقص و غیر معیاری تیل میں تلے جانے والے سموسے اور پکوڑے فروخت کیے جا رہے ہیں، جو مکھیوں اور گرد و غبار سے آلودہ ہوتے ہیں۔ ان غیر معیاری اشیاء کے استعمال سے شہری ہیپاٹائٹس، معدے اور پیٹ کے دیگر امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار ان کھانے پینے کی اشیاء کو دھول مٹی اور مکھیوں سے بچانے کے لیے نہ تو جالیاں لگاتے ہیں اور نہ ہی انہیں مکمل طور پر ڈھانپنے کی زحمت کرتے ہیں، جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے۔
عوام نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



