سوہاوہ: ڈومیلی، بڑاگواہ، گتر، پدھری اور گردونواح میں مہنگائی کاجن بے قابو

سوہاوہ: رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سوہاوہ کے نواحی علاقوں ڈومیلی، بڑاگواہ، گتر، پدھری، مغل آباد، پھڈیال اور گردونواح میں مصنوعی مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔
مقامی دکانداروں نے اشیائے ضروریہ کے نرخ آسمان پر پہنچا دیے، جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مرغی کا گوشت 800 روپے فی کلو سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ کیلے، سیب، مالٹے اور امرود جیسے عام پھل غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئے ہیں۔
اسی طرح سادہ سموسہ 40 روپے جبکہ چکن سموسہ 50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ دہی کی قیمت بھی بڑھ کر 250 روپے فی کلو ہو چکی ہے، جس سے عوام شدید پریشان ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور اب رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ دنیا بھر میں رمضان کے دوران اشیاء کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہیں، لیکن پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہوتی ہے۔
عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ محمد افضال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کریں اور مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔



