جہلم میں سیلابی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل، آلات کی انسپکشن اور ٹیسٹنگ

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم ثانیہ صفی نے سیلاب میں استعمال ہونے والے آلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پنجاب حکومت کی ہدایات پر، پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے پنجاب) کے زیر اہتمام ریسکیو 1122 سنٹرل اسٹیشن جہلم میں سیلابی صورتحال میں استعمال ہونے والے آلات اور سامان کی انسپکشن اور ٹیسٹنگ کی گئی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم ثانیہ صفی کی نگرانی میں پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیٹر جہلم صبور ثاقب نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ، تحصیل ریسکیو اسٹیشن پنڈ دادنخان میں بھی سیلاب میں استعمال ہونے والے آلات کی انسپکشن کی گئی، جس کی نگرانی تحصیل انچارج ریسکیو 1122 پنڈ دادنخان نے کی۔
مزید برآں میونسپل کارپوریشن جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ڈسپوزل اسٹیشنز اور آلات کی انسپکشن بھی کی گئی۔ انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی حالات میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی اور ہنگامی حالات میں انخلاء کے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم نے سیلاب میں استعمال ہونے والے آلات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ "مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کرنا آسان کام نہیں ہے، لیکن ریسکیو 1122 اور دیگر تمام ادارے مل کر اس کو احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔”
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ تیاری کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ سیلاب کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔



