جہلم میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس کا اہم اجلاس

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دفتر پولیس جہلم کی مختلف برانچوں کے انچارج افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی پی او جہلم نے ہدایات جاری کیں کہ محرم الحرام کے دوران حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثاروں کی قربانیوں کی یاد میں نکالے جانے والے جلوسوں اور منعقد کی جانے والی مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوس اور مجالس میں آنے والے شرکاء کو مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ جلوس کے آغاز سے قبل متعلقہ راستوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے سوئپنگ اور مکمل سرچنگ کروائی جائے گی۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے زور دیا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنی ڈیوٹی پوری مستعدی اور ذمہ داری سے سرانجام دیں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

ڈی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم عمل ہے اور سیکیورٹی کے سلسلے میں مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ مقدس ایام پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button