پنڈدادنخان میں رمضان نگہبان کارڈ سے غیر قانونی کٹوتی کرنے پر دوکان سیل

پنڈدادنخان میں رمضان نگہبان کارڈ سے اضافی رقم کاٹنے والے دوکاندار کی دکان سیل کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں رمضان نگہبان کارڈ سے غیر قانونی کٹوتی کرنے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک ایزی پیسہ شاپ کو سیل کر دیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ایک شہری محمد یاسین رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے رقم حاصل کرنے کے لیے چوک خواجگان نزد میر حمزہ مسجد میں واقع ایزی پیسہ شاپ سیالوی موبائل پر گیا، جہاں دکاندار خواجہ صہیب مبینہ طور پر نگہبان کارڈ سے رقم کی ادائیگی کے عوض فی کس 800 روپے غیر قانونی طور پر وصول کر رہا تھا۔

شہری کی شکایت موصول ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کے حکم پر متعلقہ افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دکان کو سیل کر دیا۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غریب اور مستحق شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی کٹوتی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ حکومتِ پنجاب کے ریلیف اقدامات کے ثمرات براہِ راست حقداروں تک پہنچ سکیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر رمضان نگہبان کارڈ یا کسی بھی سرکاری ریلیف پروگرام میں غیر قانونی کٹوتی یا بدعنوانی کی شکایت ہو تو فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، میر رضا اوزگن (ڈپٹی کمشنر جہلم) یا ضلعی کنٹرول روم کے نمبر 0544-9270256 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button