جہلم میں آئیسکو افسران کی عدم توجہی، گلیوں بازاروں میں ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے

22
جہلم: آئیسکو افسران کی عدم توجہی کے باعث شہر کی گلیوں اور بازاروں میں ننگے اور بے ہنگم بجلی کے تار شہریوں کے لیے وبالِ جان بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں بجلی کے کھلے جوڑ اور دیواروں کے ساتھ لٹکے ننگے تار کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ متعدد گھروں میں بارش کے وقت کرنٹ آنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ شارٹ سرکٹ کے باعث کئی بار آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
معمولی ہوا یا ہلکی بارش کے دوران سپارکنگ عام ہو چکی ہے جبکہ واپڈا اہلکار صورتِ حال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آئیسکو حکام مسلسل شکایات کے باوجود بہتر اقدامات نہیں کر رہے، جس سے علاقے کے مکین خوف کا شکار ہیں۔
شہریوں نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف سے فوری نوٹس لینے اور بجلی کی ان خطرناک لائنوں کے جال کو ختم کر کے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔



