جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے مرکزی بازار ماڈل بازار بنائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم/ دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ضلع جہلم کی تینوں تحصیلوں جہلم، دینہ اور سوہاوہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہر تحصیل کے مرکزی بازار کو ماڈل بازار کی طرز پر ترقی دینا، بیوٹیفیکیشن اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینا اور جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تحصیل جہلم کے دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین اور اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکزی بازار میں تجاوزات کے خاتمے، یکساں دکانوں کی فرنٹ ایلیویشن، صفائی کے نظام کی بہتری اور جدید تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بازار کو ماڈل بازار کی طرز پر مکمل طور پر منظم کیا جائے اور شہریوں کو صاف ستھرا اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جائے۔
تحصیل دینہ میں اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان نے جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں، صفائی مہم اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کام کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق بازاروں کی خوبصورتی، پارکنگ کے نظام، روشنی کے انتظام اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید اور منظم مارکیٹ کا ماحول میسر آ سکے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان اور سی او دینہ محمد فیصل بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
دکانداروں نے صفائی ستھرائی اور بازار کی بہتری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ دکانداروں کی شکایات پر فوری نوٹس لیا گیا تھا اور ضلعی انتظامیہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
تحصیل سوہاوہ کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے جاری ترقیاتی کاموں، تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں کے مرکزی بازاروں کو ماڈل بازار بنایا جائے گا جہاں بہترین انفراسٹرکچر، صفائی کا اعلیٰ معیار اور عوام کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہری جلد ان اقدامات کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔



