صحت، تعلیم، بے روزگاری اور غربت کے مسائل حل کرنے کیلئے لیبر پارٹی کو کامیاب کرانا ہوگا، ناز شاہ

بریڈفورڈ: بریڈفورڈ ویسٹ میں لیبر پارٹی کی امیدوار ناز شاہ نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز اپنے انتخابی دفتر میں ایک جلسے سے کیا ہے۔جلسے میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ناز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کنزویٹو پارٹی کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صحت، تعلیم، بے روزگاری اور غربت کے مسائل اگر حل کرنا چاہتے ہیں تو لیبر پارٹی کو کامیاب کرنا ہو گا ۔ٹوری پارٹی کی پالیسیاں ہمیشہ سرمایہ داروں کے حقوق کے تحفظ کی پالیسیاں ہیں انہیں غریب عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں اورخاص طور پرایشیائی کمیونٹی کے لیے ایسے قوانین متعارف کرائے جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے لیے انہوں نے پارلیمنٹ میں بھرپور آواز بلند کی فلسطین سیز فائر کے لیے ووٹ دیا۔ اب لیبر پارٹی نے فلسطین کے معاملے میں اپنا موقف بدلا ہے۔ اب وہ فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

تقریب میں کونسلررالف بیری ، کونسلر صبیحہ خان ، کونسلر فیض الیاس ، کونسلر مزلفہ الیاس ،کونسلر سفینہ کوثر ،کونسلر نصرت محمد، کونسلر محمد عمران، سابق لارڈمئیر غضنفر خالق کونسلر فوزیہ شاہین ، سابق کونسلرز کنیز اختر راجہ نجابت حسین ، سردار عبدالر حمٰن خان ، آصف نسیم راٹھور ،کامران اقبال مغل ،صائمہ اسلم اور دیگر مقامی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ناز شاہ کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا تھاکہ برطانیہ میں کاسٹ آف لونگ سب سے بڑا مسلہ ہے اور آنے والی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بھی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ انتخابات جیت کر جو بھی حکومت بنائے وہ صحت، تعلیم ،روزگار اور غربت کے مسائل کو حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ناز شاہ نے بحیثیت ممبر پارلیمنٹ کمیونٹی کے مسائل کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے وہ اس وقت کمیونٹی کی ایک مضبوط آواز ہیں عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ سات جون تک ہے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی تاہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد نے الیکشن مہم شروع کر رکھی ہے۔

آزاد امیدواروں میں سابق کونسلرز مختار احمد ، کونسلر محمد علی اسلام ، سابق کونسلر ارشد حسین کے فرزند عقیل حسین اس کے علاوہ گرین پارٹی کے خالد محمود بھی اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button