جہلم میں جگہ جگہ ناقص غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات، فالودہ، قلفیوں کی فروخت، شہری بیمار ہونے لگے

جہلم شہر اور گردو نواح میں جگہ جگہ ناقص غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات ، فالودہ ، قلفیوں کی فروخت جاری، دکاندار شہریوں کی صحت سے کھیلنے میں مصروف، سکرین اور کیمیکل سے تیار کردہ مضر صحت مشروبات، قلفیوں اور فالودہ کے نام پرسادہ لوح عوام اور بچوں کو زہر فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردو نواح میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ناقص مضر صحت سکرین سے تیار شدہ غیر معیاری مشروبات اور قلفیوں کی فروخت عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ناقص مضر صحت غیر معیاری اور زہر یلے رنگوں سے تیار کئے جانے والے مشروبات اور سکرین والی غیر معیاری قلفیاں استعمال کرکے بچے اور بڑے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں جگہ جگہ سڑکو ں کے دونوں اطراف مذکورہ اشیاء کے سٹال لگ گئے. قلفیاں، شربت اورمضر صحت فالودہ فروخت کرنے والے دکاندار سرعام انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں مگر انہیں کوئی ادارہ پوچھنے والا نہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر سے ناقص مضر صحت مشروبات، فالودہ اور قلفیاں فروخت کر نے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔



