جہلم میں 13 روپے کی روٹی کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی، شہری مہنگی روٹی خریدنے پر مجبور

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں شہریوں کو 13 روپے میں روٹی کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی، ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت کے باوجود عمل درآمد نہ ہونے پر عوام شدید پریشان ہیں۔
اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل مالکان سرکاری نرخ پر روٹی دینے کے بجائے گاہکوں سے فی بندہ 100 روپے وصول کر رہے ہیں، جس سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں 100 گرام روٹی کی قیمت 13 روپے مقرر کر رکھی ہے، تاہم جہلم میں اس فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگی روٹی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ہوٹل مالکان سرکاری نرخ کے برخلاف من مانی قیمت وصول کر رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ہوٹل مالکان ناجائز منافع خوری میں مصروف ہیں اور راتوں رات کروڑ پتی بننے کے چکر میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔
عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخ سے زائد رقم وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت عوام کو واقعی ریلیف دینا چاہتی ہے تو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقہ بھی مناسب نرخوں پر روٹی خرید سکے۔



