عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی دفاتر میں پبلک ڈیلنگ اوقات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے پبلک ڈیلنگ اوقات کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور فوری کارروائی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر تمام محکموں کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک اپنے دفاتر میں موجود رہیں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مقررہ اوقات میں متعلقہ دفاتر سے رجوع کریں تاکہ ان کی شکایات کا جلد از جلد حل ممکن ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو یقین دلایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے عوامی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے کی بجائے مقررہ وقت میں ہی افسران سے ملاقات اور داد رسی کا موقع ملے گا، جس سے ضلعی انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔



