حافظ نعیم عوام کے حقوق کےلئے جہدوجہد کررہے ہیں؛ ڈاکٹر فرید پراچہ، حافظ تنویر

دینہ میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں جلسہ کا انعقاد ہواجس کی صدارت قائم مقائم امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کی۔
جہلم کی تحصیل دینہ میں منعقدہ جلسہ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر فرید پراچہ مشیر سیاسی امور برائے امیر جماعت اسلامی اور حافظ تنویر نائب امیر شمالی پنجاب تھے، عوام کی کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر فرید پراچہ اور حافظ تنویر سمیت دیگر مقررین نے جماعت اسلامی کی روشن تاریخ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جس کا آغاز 1941 کو 75 افراد سے ہوا تھا، آج دنیا کے کئی ممالک میں پھیلی ہوئی ہے، یہ واحد سیاسی و مذہبی جماعت ہے جس میں موروثیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی آئین سازی سے لے کر ختم نبوت کا مسئلہ ہو یا ملک میں مہنگائی اور ظلم ہو جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی و سینٹرز نے ہمیشہ ان مواقع پر عوام کی نمائیدگی کا حق ادا کیا اور پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں پیش پیش رہی۔
سید ضیاء اللہ بخاری اور راجہ ندیم احمد نے شرکاء کو ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے، انہوں نے ضلع جہلم کے سابق امرائے ضلع کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بزرگوں کی کوششوں سے آج جماعت اسلامی جہلم مضبوط ہاتھوں میں ہے.
جماعت اسلامی دینہ کے امیر مظاہر الاسلام نے جلسہ میں شریک افراد کو جماعت اسلامی کا ممبر بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم عوام کے حقوق کےلئے جہدوجہد کررہے ہیں، آئیں ان کا دست و بازو بنئیے تاکہ ملک پر قابض کرپٹ مافیا سے نجات حاصل کرکے عوام کو اس حقوق دلائے جائیں۔
تقریب میں نئے بننے والے ارکان سے حلف رکنیت لیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



