جہلم میں درینہ دشمنی پر فائرنگ سے 35 سالہ شخص کے قتل کی ویڈیو سامنے آ گئی

پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں درینہ دشمنی پر فائرنگ سے 35 سالہ شخص کے قتل کی ویڈیو سامنے آ گئی، پولیس نے 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
قتل کا واقعہ دوروز قبل جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے چک حمید سروس سٹیشن پر پیش آیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نامعلوم ملزم کو کپڑے سے چہرے کو ڈھانپ کر مقتول قاسم شہزار ولد محمد اکرم سکنہ چک علی شاہ کو فائرنگ کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم نے تسلی سے فائرنگ کر کے قتل کی واردات کی اور موقع سے موٹرسائیکل پر فرار ہو گیا۔
مقتول قاسم شہزار سروس سٹیشن پر گاڑی سروس کروانے آیا تھا۔ تھانہ پنڈدادنخان پولیس نے پانچ نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اور مقتول کی سابقہ دشمنی چلی آرہی تھی، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ چک علی شاہ میں 35 سالہ محمد قاسم ولد راجہ محمد اکرم خان سروس سٹیشن پر گاڑی سروس کروانے آیا تو پرانی دشمنی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں محمد قاسم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



