جہلم میں عیدالفطر پر اپنے تایا کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی

جہلم میں عیدالفطر پر اپنے تایا کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ جہلم کی سیشن کورٹ نے قتل کے ایک سنگین مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر سنایا۔ عدالت نے مجرم افتخار احمد عرف اِفی کو جرم ثابت ہونے پر پھانسی کی سزا اور جرمانے کا حکم جاری کیا۔

مجرم افتخار احمد عرف اِفی نے گزشتہ سال عیدالفطر کے موقع پر جہلم کے تھانہ سول لائن کے علاقے عباس پورہ میں اپنے تایا خلیل احمد کو چھریوں کے وار کر کے قتل کیا تھا۔ مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج جہلم نے کی، جنہوں نے تمام شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں سزائے موت کا حکم صادر کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سزائے موت پر عملدرآمد کے لیے فیصلہ حتمی منظوری کی غرض سے متعلقہ فورم کو بھجوایا جائے گا۔ عدالت نے مقتول کے قانونی ورثاء کو 10 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالتی حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ معاوضہ وصول ہونے پر رقم مقتول کے ورثاء کو ادا کی جائے گی جبکہ معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ مجرم کو فوری طور پر اپنی تحویل میں لے اور سزا پر قانون کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقدمے میں مقتول کی جانب سے راجہ وسیم نصراللہ عدالت میں پیش ہوئے۔ معزز عدالت نے کیس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button