شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری مختلف ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی امور کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پلس پروگرام، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس، واسا جہلم، بیوٹیفکیشن اسکیموں اور مختلف حکومتی اقدامات پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران واسا جہلم کے امور، شہری علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب، سیوریج سسٹم، مین ہول کورز کی صورتحال، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی کاموں اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم کی کارکردگی، ویسٹ مینجمنٹ، بازاروں کی صفائی، گرین بیلٹس کی بہتری اور جاری بیوٹیفکیشن اسکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیموں کی پیشرفت اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) پر مؤثر عملدرآمد، بروقت رپورٹنگ، مانیٹرنگ اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید فعال بنایا جائے۔
انہوں نے عوامی ریلیف، شفافیت اور گڈ گورننس کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔



