تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غریبوں کے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام متاثر، انتظامیہ خاموش

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں تعمیراتی میٹریل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کے لیے مکان بنانے کے خواب کو چکنا چور کر دیا ہے۔

شہریوں کے مطابق بااثر بھٹہ مالکان نے اینٹ کی قیمت فی ہزار 17 ہزار روپے مقرر کر کے فروخت شروع کر دی ہے، جس سے غریب خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس دوران سریا، بحری اور ریت کی قیمتیں بھی من مرضی بڑھا دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت فراہم کی گئی مالی امداد اب ان کے کسی کام نہیں آ رہی، کیونکہ تعمیراتی میٹریل کے بڑھتے ریٹس کی وجہ سے پروگرام کے فوائد عوام تک نہیں پہنچ رہے۔

شہریوں نے انتظامیہ کی خاموشی پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ دو ماہ کے مختصر عرصے میں بھٹہ مالکان اور دکانداروں نے عوام کی جیبوں سے کروڑوں روپے نکال لیے ہیں، لیکن کسی نے اس بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ناجائز منافع خوری کو روکنے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے نہ صرف عوام کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ ملک میں رہائشی منصوبوں کی کامیابی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مارکیٹ پر نگرانی کی جائے اور تعمیراتی میٹریل کے نرخ سرکاری نرخنامے کے مطابق مقرر کیے جائیں تاکہ غریب عوام اپنے گھروں کے خواب پورے کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button