ڈپٹی کمشنر جہلم کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ، مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی پر زور

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ہسپتال میں تمام جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ تمام مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہسپتال انتظامیہ کو ہمہ وقت متحرک رہنا ہوگا۔

ایمرجنسی، میڈیسن اسٹور اور دیگر شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ ہسپتال آنے والے سائلین کے ساتھ حسنِ اخلاق سے پیش آئیں اور انہیں علاج معالجے میں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کے اس عمل میں وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی، تاہم فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے دورے کا مقصد مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور ہسپتال میں شفاف اور ذمہ دارانہ انتظامات کو فروغ دینا تھا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button