محرم الحرام؛ ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا تحصیل پنڈدادنخان کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

پنڈدادنخان: محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تحصیل پنڈ دادنخان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان نادیہ پروین، مقامی ڈی ایس پی، لائسنس داران اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے براہ راست معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ عزاداروں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے اور سیکیورٹی انتظامات کو ہر صورت فول پروف بنایا جائے۔
دورے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں مختلف مسالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیا گیا۔
امن کمیٹی کے ممبران نے ڈپٹی کمشنر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران منعقد ہونے والی تمام مجالس اور جلوسوں کو پرامن رکھنے کے لیے تمام مسالک اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور کسی بھی شرپسند کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے امن کمیٹی کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، تمام افسران ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز کے ذریعے 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے عشرہ محرم الحرام کو پرامن ماحول میں گزارا جائے گا۔



