سوہاوہ میں پولیس نے جوئے کی بازی الٹ دی، 3 قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار

سوہاوہ: تھانہ سوہاوہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے تین قمار بازوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم 12 ہزار 130 روپے، 4 موبائل فونز، 2 موٹر سائیکلیں اور ایک لڑائی والا مرغ برآمد کیا گیا، جبکہ مجموعی برآمدگی کا تخمینہ 3 لاکھ 12 ہزار 130 روپے بتایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔


