دینہ میں کھلے نالوں کی فوری بندش کا عمل شروع، پیدل چلنے والوں کے تحفظ کے لیے انتظامیہ متحرک

دینہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سخت احکامات پر دینہ منگلا روڈ پر ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے فٹ پاتھوں پر موجود کھلے نالوں کو پڑیاں ڈال کر بند کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سانحہ لاہور کے تناظر میں جہلم کی تحصیل دینہ میں پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے فٹ پاتھوں پر موجود کھلے نالوں کو فوری طور پر کور کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قیمتی جان کے ضیاع کا خدشہ ختم کیا جا سکے۔

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی رپورٹس جمع کروائیں تاکہ کام کی رفتار اور شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔

انتظامیہ کے افسران کی براہ راست نگرانی میں واسا اور آر ایم ڈبلیو سی کے حکام کھلے نالوں کی صفائی اور ان کی مناسب کورنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے خدشے کو جڑ سے ختم کرنا اور حکومتی حفاظتی معیارات پر سختی سے عملدرآمد کروانا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومتی وژن کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ایسے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button