سرویکل کینسر کے خاتمے کیلئے 12 روزہ ویکسینیشن مہم کا آغاز، 96 ہزار بچیوں کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی، سنیہ صافی

جہلم: پنجاب حکومت نے سرویکل کینسر کے خاتمے کے لیے صوبہ بھر میں 12 روزہ ویکسی نیشن مہم شروع کر دی ہے جس کا مقصد نوجوان بچیوں کو اس موزی مرض سے محفوظ بنانا ہے۔ صوبہ پنجاب میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ ویکسین بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ صحت کا عملہ شہریوں میں آگاہی اور رہنمائی کے لیے بھرپور سرگرم ہے۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی نے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ جہلم ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے بتایا کہ ضلع جہلم میں تقریباً 96 ہزار بچیوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی، جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ڈبلیو ایچ او (WHO) کی نگرانی میں شروع کی گئی ہے، جس نے اس ویکسین کو انتہائی محفوظ اور مؤثر قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں ایک بچی کو دی جانے والی ویکسین کی قیمت تقریباً 20 ہزار روپے ہے، لیکن پنجاب حکومت یہ سہولت شہریوں کو بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کو بڑھنے سے پہلے روک لینا بہترین حکمت عملی ہے، کیونکہ سرویکل کینسر کی کوئی ابتدائی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ مرض جان لیوا ہو سکتا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے تمام محکموں اور سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر اس مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔



