نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

جہلم: ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت آج انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز نماز فجر کی ادائیگی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جن میں مسلم امہ کے اتحاد، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے عظیم الشان جلوس نکالے جا رہے ہیں جن کے شرکاء راستے بھر درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لنگر کی تقسیم، کیک کاٹنے اور نیاز بانٹنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جہلم سمیت ملک بھر کے گلی، محلے اور بازار سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے جگمگا رہے ہیں جبکہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کر کے اس دن کو شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے بتایا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری پرامن اور عقیدت بھرا ماحول میں میلاد مصطفیٰ ﷺ کی خوشیاں مناسکیں۔



