الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم کی ٹیم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی

سوہاوہ: الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم کی ٹیم جہلم کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی، متاثرین میں مالی امداد، پکا ہوا کھانا اور صاف پانی تقسیم کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں طوفانی بارشوں کے باعث جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے بڑاگواہ، سلّہال اور مل کھوکھراں سمیت ڈومیلی کے نواحی علاقے شدید متاثر ہوئے، جہاں حکومتی نمائندے تاحال غائب ہیں، وہیں جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم کی ٹیم فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی۔

الخدمت کی ٹیم میں ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری (امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم)، حبیب رضا بٹ (صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم)، چوہدری فیصل فاروق، عبدالباسط (صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع جہلم)، سہیل اکبر، ملک عبدالسلام اور دیگر اراکین شامل تھے۔ ٹیم نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر متاثرین میں مالی امداد تقسیم کی گئی جبکہ 80 کے قریب پکا ہوا کھانا اور صاف پانی بھی گھر گھر جا کر پہنچایا گیا۔ الخدمت کے نوجوانوں نے بارش کے دوران متاثرہ گھروں تک رسائی حاصل کرکے خوراک اور پانی تقسیم کیا۔ تنظیم کی جانب سے آئندہ دنوں میں خیمے اور خشک راشن دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، حبیب رضا بٹ اور عبدالباسط نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے ڈومیلی کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب اور کے پی کے کے سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات خدمت کر رہی ہے، لیکن بدقسمتی سے اس مشکل گھڑی میں حکومتی نمائندے غائب ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں ڈیم بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ سیلابی صورتحال پر قابو پایا جا سکے، حکومت کو اس معاملے پر سنجیدگی سے سوچنا اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button