قتل یا حادثہ؟ سوہاوہ میں 14 سالہ لڑکے کی لاش پر اسرار حالت میں حویلی سے برآمد

سوہاوہ: قتل یا حادثہ؟ سوہاوہ کے نواحی علاقے سے 14 سالہ لڑکے کی لاش پر اسرار حالت میں حویلی سے برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں لاپتہ ہونے والے 14 سالہ لڑکے کی لاش ایک خالی حویلی سے خون میں لت پت حالت میں ملی۔ اہلِ علاقہ نے اطلاع ملتے ہی پولیس کو طلب کیا۔
پولیس کے مطابق لڑکا گزشتہ شام گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آیا تھا، جس پر اہل خانہ نے تلاش شروع کی۔ لڑکے کی لاش ایک خستہ حال حویلی سے برآمد ہوئی۔
ابتدائی تفتیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ حویلی کی اندرونی دیوار گری ہوئی تھی اور امکان ہے کہ لڑکا حادثاتی طور پر ملبے تلے آ کر جاں بحق ہوا ہو، تاہم اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔
پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔



