اسرائیل عالمی دہشت گرد، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ اسرائیل اس وقت عالمی دہشت گرد بن چکا ہے، جس نے نہ صرف غزہ بلکہ دنیا کے امن کو بھی تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے۔
مرکزی سنی علماء کونسل جہلم کے انتظامی و قانونی معاون اور معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیتن یاہو غزہ میں مظالم کی انتہا کرنے کے بعد اب ایران اور دیگر مسلم ممالک کو بھی للکار رہا ہے، جس کا مؤثر اور سخت جواب دیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی کارروائی اس کا دفاعی حق ہے اور پوری پاکستانی قوم ایران کے اس اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ہنگامی اجلاس بلائے اور اسرائیلی بربریت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دے۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو اس وقت اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ اسرائیل پر دنیا کا کوئی قانون لاگو نہیں ہو رہا، وہ مکمل طور پر پاگل پن کا شکار ہو چکا ہے۔ اسرائیلی حملے نہ صرف ایران کی خودمختاری بلکہ علاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ غزہ میں فاسفورس بموں کی بارش کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں بیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونی فوج کی جانب سے رفاہ کی راہداری، اسکولوں، اسپتالوں، رہائشی علاقوں، میڈیا دفاتر اور پانی کی سپلائی لائنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کا مکمل بائیکاٹ کرے اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرے۔



