2 مئی الیکشن بہت کلوز، ووٹ کا استعمال ضرور کریں، ٹریفالگر اسکوائر پر اوپن افطار خوش آئند ہے، میئر لندن

لندن: میئر لندن صادق خان نےکہا ہے کہ لندن کے مشہور سیاحتی مقام ٹریفالگر اسکوائر پر اوپن افطار کا اہتمام خوش آئند ہے اور اس میں دیگر مذاہب کے ماننے والے افراد کی شرکت سے انہیں اسلام کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔

گزشتہ روز رمضان ٹینٹ پراجیکٹ کے زیراہتمام ٹریفالگر اسکوائر پر منعقد اوپن افطار کے موقع پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صادق خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسلمان ہیں، برٹش ہیں اور لندنر بھی ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہم یہاں پر روزہ افطارکر رہے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فلسطین میں 30 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 40 فیصد بچے ہیں اور بہت ضروری ہے کہ وہاں پر جلد جنگ بندی ہو، اور یہ بھی ضروری ہے کہ برطانوی حکومت، اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی فوراً بند کرے۔

دو مئی کے الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میئر لندن کا یہ الیکشن بہت ضروری ہے اور مجھے ڈر ہے کہ کہیں لوگ یہ نہ سمجھتے رہیں کہ صادق خان تو جیت ہی جائے گا اور وہ ووٹ ڈالنے کیلئے نہ نکلیں، لیکن میں انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ یہ بہت کلوز الیکشن ہوگا۔ کنزرویٹیو کی میئر کی امیدوار سوزن ہال لندن کو لندستان کہتی ہے اور اس کا تعلق اپنی پارٹی کے دائیں بازو سے ہے اس لئے ضروری ہے کہ اپنے ووٹ کا استعمال ضرور کیا جائے۔

افطار میں بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی اور مل کر افطار کیا۔ افطار میں شریک افراد کا بھی کہنا تھا کہ ایسی تقریبات سے مختلف کمیونٹیز کو قریب آنے کا موقع ملتا ہے اور نئے لوگوں سے دوستی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button