غیر قانونی سپیڈ بریکرز اور رکاوٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن، قید و جرمانے کی سزا مقرر

جہلم: حکومت پنجاب نے سڑکوں، راستوں اور عوامی مقامات پر غیر قانونی طور پر جمپ، گڑھے کھودنے اور سپیڈ بریکر بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف قانونی شکنجہ کسنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر سپیڈ بریکر یا رکاوٹیں بنانے والوں کو دو سال تک قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں بعض افراد اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں پر رکاوٹیں قائم کر دیتے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
حکومت پنجاب نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سپیڈ بریکرز اور دیگر رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی سہولت، محفوظ سفر اور بہتر ٹریفک نظام کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔



