جہلم میں 25 سالہ نوجوان نے والد کے طعنے سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی

جہلم میں والد کی جانب سے بے روزگاری کا طعنہ دینے کے بعد 25 سالہ نوجوان نے خودکشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے محلہ اسلامیہ اسکول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ نوجوان نے بے روزگاری اور گھریلو دباؤ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت انضمام کے نام سے ہوئی ہے، جو کافی عرصے سے کام نہ ہونے کے باعث ذہنی دباؤ میں مبتلا تھا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان اکثر روزگار نہ ملنے پر پریشان رہتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب والد کی جانب سے بے روزگاری کا طعنہ دینے پر انضمام نے دلبرداشتہ ہو کر انتہائی قدم اٹھایا۔ حالت غیر ہونے پر اہل خانہ نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضابطے کی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی۔



