جازان اور طائف میں منشیات ضبط، پاکستانی شہری گرفتار

جازان: سعودی عرب میں ادارہ انسداد منشیات نے جازان اور طائف میں کارروائی کرتے ہوئے 2 غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک کلو سے زائد کرسٹل ضبط کرلیا۔
سعودی محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جازان میں ایتھوپین تارک وطن گرفتار ہوا جس کے قبضے سے نشہ آور گولیاں ضبط ہوئی ہیں، ادارے کی طرف سے ایک اور کارروائی طائف میں کی گئی جس میں پاکستانی تارک وطن گرفتار ہوا، مذکورہ شخص شہر میں منشیات کا سپلائر تھا جس کے قبضے سے 1 اعشاریہ 1 کلو کرسٹل ضبط ہوا، گرفتار شدگان سے تفتیش جاری ہے اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن میں پیش کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ایک پاکستانی شہری اختر منیر ظہیر کو سکیورٹی حکام نے گرفتار کیا، تحقیقات کے نتیجے میں اس پر منشیات سمگلنگ کا الزام لگایا گیا اور اسے مجاز عدالت میں بھیج دیا، جرم ثابت ہونے پر اس کے خلاف ایک حکم جاری کیا گیا جس میں اسے سزائے موت سنائی گئی۔
ملزم نے اس کے کاف اپیل کی تاہم سپریم کورٹ نے سزا برقرار رکھی جس کے بعد فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے ایک شاہی حکم جاری کیا گیا اور مجرم اختر منیر ظہیر کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور منشیات کے سمگلروں اور ڈیلروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جارہی ہیں کیوں کہ منشیات کی وجہ سے معصوم جانوں کے ضیاع اور معاشرے میں سنگین بدعنوانی اور افراد کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، جو بھی ایسا کرے گا اسے قانونی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔



