اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے لگائے گئے ٹیکسوں کو معاف کر دیا

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کی طرف سے ٹیکس معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،سماجی حلقوں نے اظہار تشکر کیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے تحصیل پنڈدادنخان کی عوام پر صفائی ٹیکس، شادی ٹیکس، پانی ٹیکس اور رکشہ سمیت متعدد ٹرانسپورٹ پر متعدد ٹیکس لگا دیے گئے جس کے خلاف ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن، چنگ چی رکشہ و لوڈر رکشہ مالکان، ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے مزدوری کرنیوالے مرکزی انجمن تاجران، وکلاء برادری، سول سوسائٹی کے عمائدین نے احتجاج کیا۔
احتجاج کے دوران اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شہرون نیازی بھی موقع پر پہنچ گئے اور میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے لگائے گئے ٹیکسوں کا نوٹیفکیشن واپس کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو کوئی بھی مسئلہ ہو تو ڈائریکٹ مجھ سے رابطہ کریں، میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ کسی بھی احتجاج سے پہلے کم از کم ایک مرتبہ مجھ سے بات ضرور کریں، میں آپ کی بات سنوں گا اور کسی قسم کا سیاسی پریشر اور بلیک میلنگ میں برداشت کرتا ہوں اور نہ آگے کروں گا۔



