ساڑھے 8 ارب روپے کا سیوریج منصوبہ ضلع جہلم کی تاریخ کا اہم ترقیاتی سنگِ میل ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت واسا کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مون سون کے دوران برساتی پانی کی فوری نکاسی، ہنگامی انتظامات اور ضلع جہلم میں جاری 8 اعشاریہ 5 ارب روپے مالیت کے میگا سیوریج منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں واسا حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مون سون کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے ہنگامی پلان مرتب کر لیا گیا ہے، جبکہ فیلڈ آپریشنز اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری پر تیزی سے کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق ضلع جہلم میں 8 اعشاریہ 5 ارب روپے کی لاگت سے بچھائی جانے والی 72 کلومیٹر طویل نئی سیوریج لائنوں کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 3 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کو یقینی بنانے کے لیے 200 سے زائد واسا ملازمین، 11 ڈسپوزل پمپ، 4 سکشن مشینیں اور 2 جیٹنگ مشینیں ہائی الرٹ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ترقیاتی کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج منصوبوں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 8 اعشاریہ 5 ارب روپے کی لاگت سے جاری یہ منصوبہ ضلع جہلم کی تاریخ کا ایک اہم ترقیاتی سنگِ میل ہے، جس کی تکمیل سے شہریوں کو برسوں سے درپیش نکاسیٔ آب اور سیوریج کے مسائل سے مستقل نجات ملے گی۔
بلال اظہر کیانی نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں، مشینری کی سو فیصد دستیابی یقینی بنائیں اور نکاسی آب کے نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بعد ازاں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں ہر ماہ باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں ضلع کونسل ہال جہلم میں ایک بڑی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کی چاروں تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مختلف مسائل، شکایات اور تجاویز وزیر مملکت کے سامنے پیش کیں۔
کھلی کچہری کے دوران بلال اظہر کیانی نے شہریوں کی درخواستیں اور شکایات فرداً فرداً سماعت کرتے ہوئے متعدد معاملات پر متعلقہ ضلعی افسران کو موقع پر ہی فوری کارروائی اور داد رسی کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں تاکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور کھلی کچہریوں کے باقاعدہ انعقاد سے نہ صرف عوام کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی بلکہ سرکاری افسران کی جوابدہی بھی مزید مؤثر ہوگی۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں جاری کیے گئے تمام احکامات پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پیش رفت سے باقاعدگی کے ساتھ آگاہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بلال اظہر کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور فوری مسئلہ حل کرنے کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہو اور انہیں بہتر سرکاری خدمات میسر آ سکیں۔



